ڈیرہ غازی خان: اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے تجویز، علاقے کی تقدیر بدلنے کی راہ ہموار

(ڈیرہ غازی خان سے بیوروچیف چوھدری احمدسے )

حلقہ این اے 184 ڈیرہ غازی خان سے رکن قومی اسمبلی سردار عبدالقادر خان کھوسہ نے نئے مالی سال 2026-27 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں ضلع کی تعمیر و ترقی، عوامی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی مسائل کے حل کے لیے اربوں روپے مالیت کے متعدد بڑے منصوبے شامل کرنے کی سفارشات پیش کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ منصوبوں میں آبپاشی، تعلیم، سڑکوں کی تعمیر، فنی تعلیم اور ہنگامی امدادی خدمات جیسے اہم شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے، جن سے ضلع ڈیرہ غازی خان کے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔
آبپاشی کے شعبے میں رود کوہی کے پانی کو بہتر انداز میں استعمال کرنے اور زرعی اراضی کو محفوظ بنانے کے لیے دو بڑے منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔ “منیجمنٹ آف سوری بیلاب شمالی ہل ٹورینٹ” اور “منیجمنٹ آف سوری کھوسہ ہل ٹورینٹ” پر ایک ایک ارب روپے لاگت آنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
خواتین کی اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے شاہ صدر دین اور کوٹ مبارک میں دو نئے گورنمنٹ گرلز کالجز کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، جن پر مجموعی طور پر 60 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ ان منصوبوں سے طالبات کو اپنے علاقوں میں ہی اعلیٰ تعلیم کی سہولت میسر آئے گی۔
مواصلاتی نظام کی بہتری کے لیے کرو سے لاکھا براستہ بھڑکی اور پیر شاہ نواز تک 21 کلومیٹر طویل پختہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ بھی شامل کیا گیا ہے، جس پر تقریباً 68 کروڑ 31 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اس سڑک کی تعمیر سے دیہی علاقوں کے عوام کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
نوجوانوں کو فنی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بہادر گڑھ شیخانی اور چھابری بالا میں دو نئے ٹیوٹا (TEVTA) مراکز کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، جن پر مجموعی طور پر 24 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔
اسی طرح عوام کو بروقت امدادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے شاہ صدر دین میں ریسکیو 1122 اسٹیشن کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، جس کی متوقع لاگت 5 کروڑ 30 لاکھ روپے ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ان مجوزہ منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی منظوری اور بروقت تکمیل سے علاقے میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے، تعلیم کو فروغ حاصل ہوگا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *