پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما راجہ ناصر حنیف سمیت چار افراد کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا
اسلام آباد(راشد ستی) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے چار افراد کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عصمت اللہ نے کیس کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔عدالت نے 12 ملزمان کو قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی۔ملزمان کو دیگر دفعات کے تحت مجموعی طور پر 16 سال قید کی اضافی سزا بھی دی گئی۔عدالت نے ملزمان پر جرمانہ عائد کرتے ہوئے مقتولین کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔عدم شواہد کی بنیاد پر 3 ملزمان کو باعزت بری کر دیا گیا۔سزا پانے والوں میں راجا رضی، سہیل، ساجد الرحمٰن، محب الرحمان، ندیم، سعد، فہد اور مہد عباسی شامل ہیں۔فہیم عباسی، نادر، فیضان اور محمد حفیظ کو بھی سزا سنائی گئی۔عدالت کے مطابق راجا رضی الرحمٰن، سہیل اور ساجد سگے بھائی ہیں۔ندیم عباسی والد جبکہ سعد، فہد اور مہد اس کے بیٹے ہیں۔مجرمان نے فائرنگ کر کے راجا ناصر حنیف، ہارون قدیر، عدنان اور عمران کو قتل کیا تھا۔استغاثہ کے مطابق قتل کی وجہ خاندانی زمین اور جائیداد کا تنازع تھا۔