سیالکوٹ کے تھانہ اگوکی کے علاقہ میں انسانیت سوز واقعہ، جہاں معمولی سی بات پر بااثر افراد نے محنت کش میاں بیوی کو اغواء کر کے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق محنت مزدوری کر کے گزر بسر کرنے والے جوڑے کی بکری نے مبینہ طور پر بااثر زمیندار کی گھاس کھا لی، جس پر ملزمان آپے سے باہر ہو گئے۔ مسلح افراد نے محنت کش میاں بیوی کو زبردستی اٹھایا اور اپنے ڈیرے پر لے جا کر رسوں سے باندھ دیا۔
ملزمان نے میاں بیوی کو گھنٹوں تشدد کا نشانہ بنایا، لاتوں، مکوں اور ڈنڈوں سے مار مار کر لہولہان کر دیا۔ چیخ و پکار کے باوجود کسی نے بچانے کی کوشش نہ کی، ظلم کی انتہا یہ رہی کہ دونوں میاں بیوی بے ہوش ہو گئے۔
تشدد کے شکار جوڑے نے کسی طرح جان بچا کر تھانہ اگوکی میں درخواست دی، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ دو روز گزرنے کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ متاثرہ جوڑا انصاف کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے۔
سوال یہ ہے کہ کیا بکری کا گھاس کھا لینا اتنا بڑا جرم ہے کہ غریبوں کو باندھ کر تشدد کیا جائے؟ کیا بااثر افراد قانون سے بالاتر ہیں؟
اعلیٰ حکام سے واقعہ کا فوری نوٹس لے کر ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
ناصر چوہدری سیالکوٹ