عوام نے اگر ایس او پیز کے تحت بسنت منائی گئی تو اگلے سال پورے پنجاب میں بسنت منائی جائے گی، عوام سے اپیل ہے کہ اپنی اور دوسروں کی جان کو خطرے میں مت ڈالیں۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 03 فروری 2026ء ) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں بسنت کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود حفاظتی اقدامات اور انتظامی تیاریوں سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گی۔انہوں نے کہا کہ بسنت کے موقع پر لاہور کے ہر کونے میں عوام کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے تحت ٹرانسپورٹ کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب بسنت کے لیے طے شدہ ایس او پیز سے متعلق بھی تفصیلی آگاہی دیں گی تاکہ شہری محفوظ ماحول میں تہوار منا سکیں۔عظمٰی بخاری نے بتایا کہ اندرون لاہور میں سروے کے بعد خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کو سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ باقی عمارتوں کے حوالے سے جو طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اس کی تفصیلات بھی وزیراعلیٰ پنجاب عوام کے سامنے رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ پتنگیں اور ڈور مہنگی ہونے کی شکایات موصول ہونے پر مزید چار اضلاع میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی اجازت دی گئی ہے تاکہ طلب اور رسد کے درمیان فرق کو کم کیا جا سکے۔ بعض علاقوں میں ساڑھے تین سو روپے میں پتنگ فروخت ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس کے بعد قیمتوں کو متوازن بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سامان جلد سستا ہو جائے گا اور سب لوگ خوشی خوشی بسنت منا سکیں گے۔وزیر اطلاعات نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے بسنت کو تہوار کی طرح منائیں، نہ اپنی جان کو خطرے میں ڈالیں اور نہ دوسروں کی۔ اگر ہم ایس او پیز کے تحت بسنت منانے میں کامیاب ہو گئے تو اگلے سال پورے پنجاب میں بسنت منائی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ صرف لاہور کی بسنت نہیں ہے بلکہ پورے ملک سے لوگ بسنت منانے لاہور آ رہے ہیں۔ بسنت کے باعث آٹھ سے دس صنعتوں کو روزگار ملا ہے اور گزشتہ دو روز میں چونتیس کروڑ روپے کی پتنگیں فروخت ہو چکی ہیں، جو اس تہوار کی معاشی اہمیت کو بھی ظاہر کرتا ہے۔
بسنت کا سامان جلد سستا ہو جائےگا، کچھ علاقوں میں 350 روپے میں پتنگ فروخت کی اطلاعات آئی ہیں