تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے سرحدی شہر تفتان کے کسٹم ہاؤس کے قریب ایک کھڑا ایل پی جی ٹینکر میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی۔
ریسکیو آپریشن کے دوران ایل پی جی ٹiنکر میں زور دار دھماکہ ہوا۔ یہ حادثہ رات دیر گئے پیش آیا جس سے قریبی بازار اور آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق ٹینکر میں گیس لیکیج یا تکنیکی خرابی کی وجہ سے آگ لگی جو تیزی سے پھیل گئی۔
آگ پر قابو پانے کی کوششوں کے دوران ٹینکر میں دھماکہ ہوا جس سے شعلے بلند ہو کر قریبی علاقوں تک پہنچ گئے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی اور آگ نے تقریباً ایک درجن گوداموں اور قریبی آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نعیم شاہوانی تفتان سمیت 6 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔
آگ پر 70 فیصد قابو پا لیا گیا ہے لیکن مکمل طور پر بجھانے کا آپریشن جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی اصل وجہ گیس ٹرانسپورٹیشن میں احتیاط کی کمی یا تکنیکی خرابی ہو سکتی ہے۔ اس واقعے نے سرحدی علاقوں میں گیس کی ہینڈلنگ اور حفاظتی تدابیر پر ایک بار پھر سوالات اٹھا دیے ہیں۔