کُنری میں انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر کرپشن سے پاک پاکستان کے تحت ایک آگاہی ریلی نکالی گئی

عمرکوٹ سندھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر زیب بنگلانی)
کُنری میں انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر کرپشن سے پاک پاکستان کے تحت ایک آگاہی ریلی نکالی گئی ۔
اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد خان بھنگوار کی قیادت میں مختیارکار آفس سے امریکن چوک تک انٹرنیشنل اینٹی کرپشن ڈے کی مناسبت سے کرپشن سے پاک پاکستان کے تحت ایک ریلی نکالی گئی جس میں اسٹوڈنٹس، اساتذہ، نوجوانوں، سرکاری افسران اور سماجی تنظیموں کے سربراہان کی بڑی تعداد نے شرکت کی ریلی کا مقصد معاشرے میں شفافیت، احتساب اور بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کنری محمد خان بھنگوار نے کہا کہ کرپشن ایک نا سور ہے اسے ختم کرنے کے لئے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہے انہوں نے کہا کہ ہر سال 9 دسمبر دنیا بھر میں کرپشن کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ رشوت کے خلاف عوامی سوچ کو مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ایک ایسا ناسور ہے جسے صرف اجتماعی جدوجہد اور بیداری سے ختم کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کا کنوینشن UNCAC سال 2003 میں نافذ ہوا، جس پر 190 ممالک دستخط کر چکے ہیں اور جس کا بنیادی مقصد موثر حکمرانی، احتساب اور شفاف نظام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا کی 1.9 بلین آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے جو متحد ہو کر بدعنوانی کے خلاف مضبوط قوت بن سکتی ہے۔ پاکستان میں 64 فیصد آبادی نوجوان ہے جو ملکی ترقی کا اصل سرمایہ ہیں۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان کرپشن انڈیکس میں 180 ممالک میں 135ویں نمبر پر ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری نوکریاں خریدنا، سفارش، تحائف کی شکل میں رقوم لینا، ٹیکس چوری، سرکاری واجبات ادا نہ کرنا اور عوامی حقوق غصب کرنا بدعنوانی کی واضح مثالیں ہیں۔ ریلی کے اختتام پر مقررین اور شرکاء نے کرپشن کے خلاف اجتماعی جدوجہد، شفاف نظام اور نوجوانوں کے فعال کردار کے عزم کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *