عقیدۂ ختم نبوت دین کی اساس ہے،علماء کرام
لاہور (محمد منصور ممتاز سے )
عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مسلم ٹاؤن لاہور کے زیراہتمام سالانہ ختم نبوت کانفرنس جامع مسجد بلال باگڑیاں، ٹاؤن شپ لاہور میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی نگرانی خطیبِ مسجد مولانا حبیب الرحمن نے کی۔ اجتماع میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، مجلس سرگودھا کے امیر مولانا نور محمد ہزاروی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدلنعیم، مولانا مہتاب فاروق، مفتی محمد سفیان، قاری عبید الرحمن فیض، مولانا سمیع اللہ، حافظ بن یامین اور مولانا محمد عمران نقشبندی سمیت اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ان کے نزدیک عقیدۂ ختم نبوت اسلام کی اصل بنیاد اور ایمانیات کا مرکزی ستون ہے۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اس عقیدہ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا تاویل کو وہ گمراہ کن تصور کرتے ہیں۔ مقررین نے اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں جب بھی کسی نے نبوت کا دعویٰ کیا، علما و امت نے اسے قبول نہیں کیا اور اس کے خلاف علمی و اعتقادی جدوجہد کی۔
خطیبوں نے قومی اسمبلی کی اُس متفقہ آئینی ترمیم کا بھی حوالہ دیا جس کے بعد متعلقہ مذہبی گروہوں کو آئینی طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا تھا۔ مقررین نے کہا کہ یہ فیصلہ پارلیمانی بحث، متعلقہ فریقین کے مؤقف سننے اور مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا تھا۔
کانفرنس کے اختتام پر دعا کی گئی اور ملک و ملت کے لیے خیر و سلامتی کی درخواست کی گئی۔