بنیاد فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام دربار اور گرجا گھر کا معلوماتی دورہ
سیالکوٹ (ناصر چوہدری):
بنیاد فاؤنڈیشن کی جانب سے سیالکوٹ کے علاقہ امریک پور میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک معلوماتی دورے کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران شرکاء نے دربار علی حسنی و الحسینی اور گرجا گھر امریک پور کا دورہ کیا۔
اس موقع پر پراجیکٹ کوآرڈینیٹر میڈم صبا رانی، ایم این ای مینیجر ریاض احمد، پیس اینڈ جسٹس نیٹ ورک کی میڈم ارسا، پاسٹر جاوید جان اور تنویر شاہ نے دورے میں شریک افراد سے مذہبی ہم آہنگی، باہمی احترام اور برابری کے حقوق پر تفصیلی گفتگو کی۔
مذہبی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے معلوماتی دورے نہ صرف مختلف مذاہب کے درمیان فہم و برداشت کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کی عبادت گاہوں کے احترام کا عملی سبق بھی دیتے ہیں۔
دورے میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ایسے اقدامات کو معاشرتی امور و یکجہتی کے لیے خوش آئند قرار دیا۔