سیالکوٹ (22 دسمبر 2025): صوبائی وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پورے شہر ڈسکہ میں بلا تفریق ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا اور ڈسکہ کی کوئی گلی، نالی یا سڑک کچی نہیں رہے گی بلکہ تمام وارڈز میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کروائے جائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ڈسکہ کے علاقے بسم اللہ ایگرو والے گلے میں ٹف ٹائل کے ترقیاتی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کی جس میں وزیر بلدیات کی سیاسی ٹیم کے سینئر اراکین، معززینِ علاقہ اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈسکہ بسم اللہ ایگرو والے گلے پر ترقیاتی کاموں کا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور ڈسکہ شہر کی ہر گلی میں خوبصورت اور دلکش ڈیزائن کی ٹف ٹائلز لگائی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو صاف، پائیدار اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل گلیوں کی تعمیرِ نو سے عوام کا معیارِ زندگی بہتر ہوگا اور شہر کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ’’ستھرا پنجاب‘‘ منصوبے کے چرچے عالمی سطح پر ہو رہے ہیں اور بین الاقوامی جریدے اس امر کی گواہی دے رہے ہیں کہ برمنگھم، برطانیہ میں بھی ستھرا پنجاب سسٹم کو اپنایا جا رہا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب ڈسکہ شہر کی ہر گلی، ہر محلہ اور ہر وارڈ میں ترقیاتی کام بروقت مکمل کرے گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
ناصر چوہدری سیالکوٹ
بلا تفریق ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا، وزیر بلدیات ذیشان رفیق