اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ کا مکلی مارکیٹ کا اچانک دورہ ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں و معیار کا جائزہ

ٹھٹھہ (ڈسٹرکٹ رپوٹر ایم اعجازچانڈیو مھرانوی)
اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ کا مکلی مارکیٹ کا اچانک دورہ ، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں و معیار کا جائزہ ، جرمانے عائد –
ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ٹھٹھہ شاکر فہیم نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی فہد جھتیال سمیت متعلقہ افسران کے ہمراہ مکلی مارکیٹ کے مختلف دکانوں اور بازاروں کا اچانک دورہ کیا ، جہاں انہوں نے روزمرہ استعمال ہونے والی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا اور جرمانے بھی عائد کیئے ۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو سرکاری نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے اور مقررہ نرخوں پر اشیاء فروخت کرنے کی سختی سے ہدایت کی ۔ انہوں نے اشیائے خوردونوش کے معیار کا بھی معائنہ کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شاکر فہیم نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، کسی کو بھی سرکاری نرخوں سے تجاوز یا ناقص و غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بازاروں کی باقاعدہ نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے بچایا جا سکے اور معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *