ٹھٹہ، جھمپیر کوہستان ایکشن کمیٹی کی جانب سے ماسٹر ونڈ کمپنی کے خلاف سی ایس آر فنڈ مقامی علاقے پر خرچ نہ کرنے اور مقامی افراد کو روزگار میں نظرانداز کرنے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا

ٹھٹہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر: ایم اعجاز چانڈیو مہرانوی)
ٹھٹہ، جھمپیر کوہستان ایکشن کمیٹی کی جانب سے ماسٹر ونڈ کمپنی کے خلاف سی ایس آر فنڈ مقامی علاقے پر خرچ نہ کرنے اور مقامی افراد کو روزگار میں نظرانداز کرنے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ کوہستان ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں محمد بخش بروہی اور شاہ محمد چانگ کی قیادت میں کمپنی کے مرکزی گیٹ کے سامنے دھرنا دیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کی۔
دھرنے کے دوران رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ ماسٹر ونڈ کمپنی علاقے سے وسائل حاصل کرنے کے باوجود سی ایس آر فنڈ مقامی ترقی پر خرچ نہیں کر رہی اور نہ ہی مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کے باعث کوہستان کے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
احتجاجی رہنماؤں نے تین دن کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو کمپنی کے وہ تمام مرکزی راستے، جو مقامی لوگوں کی زمینوں سے گزرتے ہیں، مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے اور کمپنی کی آمد و رفت روک دی جائے گی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ایس آر فنڈ کو شفاف طریقے سے علاقے کی تعلیم، صحت اور بنیادی سہولیات پر خرچ کیا جائے جبکہ ماسٹر ونڈ کمپنی میں مقامی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر روزگار فراہم کیا جائے۔ دھرنے کے باعث کچھ دیر کے لیے کمپنی کی سرگرمیاں بھی متاثر رہیں۔ رہنماؤں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *