غوری ٹاؤن میں ریہیب سنٹر سے متصل مسجد کی چھت سے تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی
اسلام آباد (راشد ستی)غوری ٹاؤن فیز فور اسلام آباد میں واقع مائنڈ کیئر ریہیب سنٹر سے زیر علاج 45 سالہ شخص کی ایک ہفتہ پرانی تشدد زدہ لاش زیر تعمیر مسجد کی چھت سے برآمد ہوئی تھی، جبکہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ ایک ماہ کی تاخیر سے درج کیا۔تفصیلات کے مطابق کری روڈ راولپنڈی کا رہائشی راشد علی، جو تین بچوں کا باپ تھا، 5 اگست 2025ء کو ریہیب سنٹر میں داخل ہوا۔ 12 اکتوبر کو سنٹر انتظامیہ نے ورثاء کو بتایا کہ وہ فرار ہو گیا ہے، تاہم 19 اکتوبر کو اسی سنٹر سے ملحقہ مسجد کی چھت سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق مقتول کو گلے میں پھندہ ڈال کر قتل کیا گیا، جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر شدید تشدد کے نشانات پائے گئے۔ ورثاء نے ریہیب سنٹر کے مالک کو قتلِ عمد میں نامزد کیا، تاہم پولیس نے مبینہ طور پر ملزمان سے سازباز کرتے ہوئے ایک ماہ تک مقدمہ درج نہ کیا۔ایس پی سواں زون کی مداخلت پر مقدمہ درج ہوا، مگر تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔ مقتول کے ورثاء نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس اور انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔