ٹھاروشاہ (کاشان غفار خانزادہ)
پیپلز اسکول نوشہرو فیروز میں سندھی ثقافتی دن کے حوالے سے “سندھی کلچرل ڈے” کو اس کے شایانِ شان طریقے سے منانے کے حوالے سے اسکول کی ہیڈ مسٹریس میڈم اونیزہ میمن صاحبہ اور تمام ٹیچرز کی جانب سے رنگا رنگ و شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
جس میں سندھی ثقافت کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا گیا۔ اسٹیج اور پورے اسکول کو اجرک و دیگر سندھی دستکاری کی ملبوسات سے سجایا گیا تھا جو کہ سندھی ثقافت کا ایک بہترین منظر پیش کر رہا تھا۔ اس تقریب میں اسکول کے تمام ٹیچرز, والدین, دیگر اسکولوں کے ہیڈز اور اسٹوڈنٹس نے بھرپور شرکت کی, سب نے اپنے اپنے طریقے سے سندھی ٹوپی, اجرک و دیگر مصنوعات کو زیبِ تن کر کے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی۔ اس موقع پر اسکول کے طلباء و طالبات نے سندھی ثقافت پر تقاریر کیں اور مختلف سندھی سانگس پر ٹیبلوز بھی پیش کیے جن سے اس تقریب کو چار چاند لگ گئے۔
اسکول کی ہیڈ مسٹریس محترمہ اونیزا میمن صاحبہ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ سندھی ثقافت ہزاروں سال پرانی ایک تہذیب ہے جو امن و محبت کا درس دیتی ہے۔ سندھ کی ثقافت اور مہمان نوازی دنیا بھر میں مشہور ہے اور اپنی ایک الگ پہچان رکھتی ہے۔ پاکستان ہماری جان اور سندھ دھرتی ہمارا مان ہے, پاکستان دل ہے تو سندھ اس کی دھڑکن۔ اس دن کو ہم تہوار کے طور پر مناتے ہیں اور پوری دنیا کو امن و محبت کا واقح پیغام دیتے ہیں کہ ہم ایک امن پسند اور باشعور قوم ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ سندھ اور پاکستان دن دگنی اور رات چوگنی ترقی کریں اور دنیا میں ہمارا پرچم ہمیشہ سر بلند رہے, آمین۔