نجی ہسپتالوں پر FBR کے غیر قانونی چھاپے بند کیے جائیں، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن

ایف بی آر اس طرزِ عمل سے باز نہ آئی تو تمام نجی ہسپتالوں میں سروسز واپس لینے پر مجبور ہو جائیں گے؛
پی ایم اے

لاہور (محمد منصور ممتاز سے )

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) سنٹرل، پی ایم اے پنجاب اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں
ڈاکٹر ریاض ذوالقرنین اسلم ،
ڈاکٹر نادر خان ، ڈاکٹر سرفراز چوہدری ، ڈاکٹر طارق محمود میاں ، ڈاکٹر مسعود زاہد ،
ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری ،
ڈاکٹر کامران سعید شیخ ، ڈاکٹر کامران احمد اور ڈاکٹر امجد حسین
نے وفاقی ادارے ایف بی آر کے خلاف لاہور پریس کلب میں ایک اہم پریس کانفرنس میں کہا کہ پنجاب کے نجی ہسپتال پورے صوبے کے مریضوں کا 70 سے 80 فیصد بوجھ انتہائی کم معاوضے پر اٹھا رہے ہیں، تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے لاہور سمیت پنجاب بھر میں نجی ہسپتالوں پر ایف بی آر کی جانب سے غیر قانونی چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ٹیمیں ہسپتالوں کے کاؤنٹرز پر بیٹھ کر عملے کو ہراساں کرتی ہیں، جس کے باعث علاج کے لیے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
مقررین نے الزام عائد کیا کہ کئی ہسپتالوں میں مریضوں، ان کے لواحقین، ڈاکٹرز اور عملے کو ہراساں کرکے ہسپتالوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ایف بی آر ٹیموں کا آمرانہ رویہ علاج معالجے میں براہِ راست مداخلت کے مترادف ہے۔
پی ایم اے پنجاب اور سنٹرل نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے ان غیر قانونی چھاپوں کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ایم اے پنجاب اس غیر قانونی عمل کے خلاف پنجاب بھر میں اپنے کنونشنز جاری رکھے گی اور اگر ایف بی آر اس طرزِ عمل سے باز نہ آئی تو صوبے بھر کے تمام نجی ہسپتالوں میں سروسز واپس لینے پر مجبور ہو جائیں گے۔
پریس کانفرنس میں چیئرمین ایف بی آر سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس غیر منصفانہ اور غیر قانونی عمل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسے بند کروائیں تاکہ پنجاب بھر کے ڈاکٹرز میں پائے جانے والے اضطراب کا ازالہ ہو سکے۔
آخر میں پی ایم اے کے رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان، پنجاب حکومت، متعلقہ اداروں اور اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ ڈاکٹرز کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے تاکہ عوام کو بلا تعطل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *