راولپنڈی (نیوز رپورٹر) تھانہ دھمیال کی حدود چوکی گرجا کے علاقے ملک کالونی میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہو گیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق فائرنگ کے وقت پولیس نہ صرف موقع پر موجود نہ تھی بلکہ متعدد بار شکایات کے باوجود علاقے میں پٹرولنگ بھی معمول کے مطابق نہیں کی جا رہی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر متحرک ہیں، مگر تھانہ دھمیال اور چوکی گرجا کی پولیس نے مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد مقامی افراد نے پولیس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو یہ افسوسناک واقعہ نہ ہوتا۔ زخمی شہری کو شدید حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تھانہ دھمیال پولیس کی غفلت، ناقص پٹرولنگ اور علاقے میں بڑھتے جرائم پر فوری ایکشن لیا جائے۔
تھانہ دھمیال، چوکی گرجا کے علاقے ملک کالونی میں فائرنگ، ایک شہری شدید زخمی، پولیس غفلت کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا