عمرکوٹ سندھ (بیوروچیف زیب بنگلانی)
شیر خدا ۔داماد رسول ﷺ ۔شوھر بتول ۔والد حسنین کریمین ۔ابو تراب ۔صاحب ذوالفقار ۔مولا علی کرم اللہ وجہ کریم کا یوم ولادت کے سلسلے میں شاندار ریلی نکالی گئی
کنری میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یومِ ولادت کے موقع پر علوی ہاؤس سے راجہ اسد علی علوی کی قیادت میں ایک عظیم الشان ریلی نکالی گئی جس میں ذولفقار رند ایم کیو ایم پاکستان ضلع عمرکوٹ کے محمد قاسم بھٹی سید ذوالفقار علی شاہ میر جواد تالپور جادم سولنگی مسیح رہنما اسلم جونی ایم ڈبلیو ایم عمرکوٹ کے صدر مولانا خادم حسین مختلف مکتبۂ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد، علماء کرام، نوجوانوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز علوی ہاؤس سے ہوا جو شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب کنری پر اختتام پذیر ہوئی۔
شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حضرت علیؓ کی سیرت، عدل و انصاف، شجاعت اور اخوت کے پیغامات درج تھے۔ ریلی کے دوران شرکاء نے نعرۂ تکبیر اور حضرت علیؓ کی شان میں نعرے بلند کیے جبکہ فضا عقیدت و احترام سے گونجتی رہی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت علیؓ کی زندگی امتِ مسلمہ کے لیے ایک کامل نمونہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؓ نے ہمیشہ حق و انصاف، صبر و برداشت اور مساوات کا درس دیا، جس پر عمل کر کے معاشرے کو امن اور بھائی چارے کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے تاکہ ریلی پُرامن طریقے سے مکمل ہو۔ اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، اتحادِ امت اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔