گرجا روڈ،ملک کالونی اور تراٹا روڈ جرائم کی لپیٹ میں،پولیس کی غفلت پر شدید سوالات
دھمیال سرکل میں چوری،جھگڑے اور قتل کے واقعات،ایس ایچ او کی کارکردگی عوامی تنقید کی زد میں
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) تھانہ دھمیال اور اس سے ملحقہ چوکی گرجا کے علاقوں میں گزشتہ دنوں چوری، منشیات اور پرتشدد واقعات میں اضافہ نے علاقے میں سیکیورٹی صورتحال کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر بےخوف ہو کر سرگرم ہیں اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ تراٹا روڈ پر حال ہی میں تعمیر ہونے والے ایک خالی گھر کو چوروں نے نشانہ بنایا اور ٹوٹیاں، الیکٹرک بورڈز اور دیگر سامان آسانی سے اُٹھا لے گئے۔ اسی طرح گرجا روڈ 29 نمبر گلی میں بھی چوری ہوئی، جہاں ملزمان اپنی ٹارچ تک موقع پر چھوڑ گئے۔ دونوں متاثرہ شہریوں نے پولیس کو رپورٹ درج کرانے سے گریز کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ رپورٹ کرنے سے بھی کوئی عملی کارروائی نہیں ہوتی۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ شام اور رات کے وقت پولیس گشت نہ ہونے کے برابر ہے، جبکہ اکثر گھنٹوں تک پولیس گاڑی نظر نہیں آتی۔ مقامی رہائشیوں نے دعویٰ کیا کہ گشت کا نظام کمزور ہونے کی وجہ سے چور اور نشئی بلاخوف سرگرم ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال پر قابو پانے کے لئے پولیس کو اپنی موجودگی مؤثر بنانا ہو گی۔ علاقے میں منشیات کے استعمال اور ان سے جڑے جھگڑوں نے بھی حالات کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ ملک کالونی میں گزشتہ روز دو افراد کے درمیان، جو مبینہ طور پر آئس کے عادی تھے، جھگڑا ہوا جس میں چھری کے وار سے 30 سالہ دانش شدید زخمی ہوا اور بعدازاں ڈی ایچ کیو اسپتال میں جاں بحق ہو گیا۔ اس افسوسناک واقعے نے بھی پولیس کی نگرانی اور گشت کے نظام پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او دھمیال اور متعلقہ افسران علاقے میں بڑھتے جرائم کو نظر انداز کرنے کے بجائے مؤثر حکمت عملی اپنائیں، گشت کے نظام کو مضبوط کریں اور مجرم عناصر کے خلاف فوری کارروائیاں تیز کی جائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر پولیس نے بروقت اقدامات نہ کیے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔