احمد اکیڈمی سائنس اینڈ آرٹس کے زیرِ اہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات 2025 نہایت پروقار اور دیدہ زیب انداز میں منقعد ہوئی

جھنگ (قمر زمان نقوی) احمد اکیڈمی سائنس اینڈ آرٹس کے زیرِ اہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات 2025 نہایت پروقار اور دیدہ زیب انداز میں منقعد ہوئی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی جھنگ کی ممتاز کاروباری، سیاسی و سماجی شخصیت فرزندِ جھنگ حاجی آزاد ناصر انصاری تھے جن کی آمد پر شرکا نے پرتپاک استقبال کیا۔ مہمانانِ خاص میں پروفیسر منیف ظفر خان، پروفیسر ڈاکٹر شہناز محسن سیال ، حکیم سلیمان، رانا ظفر ، سر حبیب الرحمن ، علی رحمان معاویہ اور سیٹھ ہاشم اسلم شامل تھے۔ تقریب میں والدین، اساتذہ سمیت معزز شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ طلبہ و طالبات نے ملی نغموں، خاکوں، اصلاحی ٹیبلوز، تقاریر اور خصوصی پریزنٹیشنز کے ذریعے معاشرتی موضوعات کو نہایت خوبصورتی سے اُجاگر کیا۔ اس دوران مینیجنگ ڈائریکٹر احمد اکیڈمی سائنس اینڈ آرٹس فیصل گل نے احمد اکیڈمی کی جانب سے آنے والے نئے پروجیکٹس کے بارے مکمل بریف کرتے ہوئے کہا کہ اس سال طلبہ نے نہ صرف تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں بلکہ مختلف بین الاضلاعی مقابلوں میں بھی نمایاں کارکردگی دکھائی۔اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی حاجی آزاد ناصر انصاری نے طلباء کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو معیاری تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، خلوص اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی اور فیصل آباد بورڈ کی ٹاپ پوزیشن ہولڈر طالبات کیلئے بیش قیمت انعامات دینے کا اعلان بھی کیا جس پر ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔تقریب کے اختتام پر سال بھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات، اسناد، میڈلز اور شیلڈز تقسیم کی گئیں جبکہ مہمانوں کے اعزاز میں شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *