جھنگ ۔اٹھارہ ہزاری کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کا راج، انتظامیہ کی غفلت نے عوام کو خوف میں مبتلا کر دیا

جھنگ (قمر زمان نقوی)
اٹھارہ ہزاری اور گردونواح کے علاقوں موضع لشاری، روڈو سلطان اور حسو بلیل میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق آوارہ کتوں کے جھنڈ گلی محلوں میں آزادانہ گھوم رہے ہیں، جس کے باعث شام کے بعد شہری گھروں سے نکلنے سے بھی خوفزدہ رہتے ہیں۔ متعدد بچے اور گھریلو جانور ان کتوں کے حملوں میں زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ رات گئے گلیاں اور بازار سنسان دکھائی دیتے ہیں۔
اہلِ علاقہ نے کئی ہفتوں سے مسلسل اس سنگین صورتحال سے متعلق سیکرٹری یونین کونسل اور سی او میونسپل کمیٹی سمیت متعلقہ بلدیاتی حکام کو آگاہ کیا، مگر شہریوں کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے نہ کوئی عملی اقدام اٹھایا گیا اور نہ ہی کتا مار ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیجی گئیں۔مکینوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے شکایات فائلوں میں دبانے کے سوا کوئی کردار ادا نہیں کیا، جس کی وجہ سے علاقے لاوارث اور خطرناک صورتِ حال کا شکار ہو چکے ہیں۔
رہائشیوں کے مطابق حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کتا مار مہم صرف کاغذوں تک محدود ہے اور عملی طور پر مکمل ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ یو سی اور تحصیل انتظامیہ کی مسلسل غفلت اور عدم دلچسپی نے عوامی پریشانی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ہنگامی بنیادوں پر کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔انہوں نے حکومت پنجاب، ڈپٹی کمشنر جھنگ اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر کتا مار ٹیمیں روانہ کرنے، مؤثر اقدامات کرنے اور غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *