23 دن چھٹیاں ہوں گی;
تمام اسکول 19 دسمبر کو آخری تدریسی دن کے بعد بند، 12 جنوری کو دوبارہ کھلیں گے
لاہور (محمد منصور ممتازسے )
پنجاب میں رواں برس موسمِ سرما کی تعطیلات کے باضابطہ شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب اور وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کے تازہ بیان کے مطابق اس مرتبہ سردیوں کی تعطیلات 23 دن ہوں گی، جن کی تاریخیں باضابطہ طور پر جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم کے اعلامیے کے مطابق جمعہ، 19 دسمبر 2025ء صوبے کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں آخری تدریسی دن ہوگا۔ اس کے بعد 20 دسمبر (ہفتہ) اور 21 دسمبر (اتوار) کو بھی اسکول بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ موسمِ سرما کی تعطیلات کا باضابطہ آغاز پیر، 22 دسمبر 2025ء سے ہوگا، جب کہ تمام تعلیمی ادارے اس دن سے مکمل طور پر چھٹیوں پر چلے جائیں گے۔
تعطیلات کا اختتام 10 جنوری 2026ء (ہفتہ) کو ہوگا، جب کہ 11 جنوری بروز اتوار اسکول پہلے ہی بند ہوں گے۔
تمام نجی و سرکاری اسکول پیر، 12 جنوری 2026ء سے بحال ہو جائیں گے اور طلباء و اساتذہ معمول کے مطابق تدریسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گے۔