کچہری بازار میں دانت میں دباتے ہوئے موبائل بیڑی پھٹ گئی

فیصل آباد (اوصاف نیوز) فیصل آباد کے مصروف علاقے کچہری بازار میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں دانتوں میں دبائی گئی موبائل بیٹری اچانک پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق نوجوان موبائل بیٹری کو دانتوں میں دبا کر اسے چلانے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک بیٹری زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔ بیٹری پھٹنے کے ساتھ ہی آگ کے شعلے نکل آئے جس سے نوجوان کا چہرہ اور ہاتھ جھلس گئے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیٹری پھٹتے ہی دکان میں آگ بھڑک اٹھی اور چند لمحوں میں پورا ماحول دھویں سے بھر گیا۔ خوش قسمتی سے دکان میں موجود دیگر افراد اور دکاندار بڑے حادثے سے بال بال بچ گئے۔

دکاندار کے مطابق نوجوان کی موبائل بیٹری کام نہیں کر رہی تھی، جسے اس نے دانتوں میں دبا کر درست کرنے کی کوشش کی، اسی دوران بیٹری پھٹ گئی۔ واقعے کے بعد زخمی نوجوان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد شہریوں نے موبائل بیٹریوں کے غیر محتاط استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ لیتھیم بیٹریاں دانتوں یا کسی سخت دباؤ کے باعث پھٹ سکتی ہیں جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موبائل فون اور بیٹریوں کی مرمت صرف ماہر ٹیکنیشنز سے کروائیں تاکہ اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *