پاکستان نے ہمیشہ سعودی عرب کا ہر مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا؛
چیئرمین مرکزی علماء کونسل
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
مرکزی علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام جمعہ کے ایک عظیم اجتماع میں مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا جبکہ یمن میں تشدد کی حالیہ لہر پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا گیا۔ اجتماع میں اس امر پر زور دیا گیا کہ حرمین الشریفین کا تحفظ پوری امتِ مسلمہ کو جان سے زیادہ عزیز ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ ممکن نہیں۔
مرکزی علماء کونسل پاکستان نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور مملکتِ سعودی عرب کے لیے نیک تمناؤں اور خصوصی دعاؤں کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان میں تعینات سعودی سفیر جناب نواف بن سعید احمد المالکی کی مؤثر سفارتکاری کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور کہا گیا کہ ان کی کاوشوں سے دونوں برادر اسلامی ممالک اور ان کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط اور قریبی ہوئے ہیں۔
مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے جنرل سیکرٹری صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی کسی نے سعودی عرب کو میلی آنکھ سے دیکھا، پاکستان نے ہمیشہ اس کا بھرپور ساتھ دیا ہے، اور اسی طرح پاکستان کے مشکل اوقات میں سعودی عرب نے برادرانہ تعلقات کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم سعودی عرب نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کے اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔ یہ اجتماع مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور اس کی سلامتی کے لیے غیر متزلزل عزم کی توثیق ہے۔
صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن کی حالیہ کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پوری امتِ مسلمہ اور پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے، جس سے پاک سعودی تعلقات مزید گہرے اور مضبوط ہوں گے۔
اجتماع کے اختتام پر حرمین الشریفین، بیت المقدس، مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی اور پاکستان کے استحکام و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔