ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی ویب سائٹ پر ادویات کی نامکمل معلومات؛

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کی ویب سائٹ پر ادویات کی نامکمل معلومات؛
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کا اظہار تشویش

امیونوگلوبلن جیسی جان بچانے والی ادویات کی معلومات ویب سائٹ پر شامل نہیں؛
پروفیسر شاہد ملک

لاہور ( محمد منصور ممتاز سے )

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر شاہد ملک نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (DRAP) کی جانب سے ادویات کی رجسٹریشن، قیمتوں اور دستیابی سے متعلق نامکمل معلومات ویب سائٹ پر فراہم کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے مطالبے پر، وفاقی آئینی عدالت کے حکم کی روشنی میں، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان نے ایک ایسی ویب سائٹ تشکیل دی ہے جس پر ملک بھر میں رجسٹرڈ ادویات کے رجسٹریشن اسٹیٹس اور ان کی قیمتوں کی تفصیلات موجود ہیں۔ تاہم، اس ویب سائٹ پر تاحال ادویات کی دستیابی (Available) اور غیر دستیابی (Non-Available) کا اسٹیٹس، نیز مختلف شہروں میں ان ادویات کی دستیاب فارمیسیوں کے نام شامل نہیں کیے گئے، جس کے باعث عوام الناس کو مکمل اور بروقت معلومات میسر نہیں آ رہیں۔
پروفیسر شاہد ملک نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کتے کے کاٹنے میں استعمال ہونے والی امیونوگلوبلن لاہور میں سروسز ہسپتال کے سامنے ایک نجی فارمیسی پر دستیاب ہے، لیکن اس اہم معلومات کی عدم فراہمی کے باعث عوام کو شدید مشکلات اور ذہنی و جسمانی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر ویب سائٹ پر ادویات کی دستیابی اور شہروں کے لحاظ سے فارمیسیوں کے نام فراہم کیے جائیں تو مریضوں اور ان کے لواحقین کو فوری اور درست رہنمائی حاصل ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ادویات کی دستیابی اور غیر دستیابی کا اسٹیٹس اور مختلف شہروں میں متعلقہ فارمیسیوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر شامل نہیں کی جاتیں، اس وقت تک عوام کو مکمل معلومات فراہم نہیں ہو سکتیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر نے اس حوالے سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈائریکٹر آئی ٹی کو الٹی میٹم دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئندہ سات دنوں کے اندر ویب سائٹ کو مزید اپ گریڈ کیا جائے اور اس پر ادویات کی دستیابی اور غیر دستیابی کا مکمل اسٹیٹس، شہروں کے نام اور متعلقہ فارمیسیوں کی معلومات جاری کی جائیں، تاکہ ڈاکٹروں اور عوام الناس دونوں کو براہِ راست فائدہ پہنچ سکے اور اس نامکمل ویب سائٹ کو مکمل اور مؤثر بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *