گھوٹکی (نمائندہ خصوصی) —
گھوٹکی پولیس کی جانب سے کچے کے علاقے میں سرگرم تمام جرائم پیشہ عناصر اور اغواء کاروں کو سخت ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق تمام اغواء کاروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی اغواء شدہ یا مغوی شخص کو 48 گھنٹوں کے اندر اندر بازیاب کر کے رہا کریں۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ کچے اور پکے کے علاقوں میں سوشل میڈیا، خصوصاً فیس بک پر موجود ذات پرستی پر مبنی جرائم پیشہ افراد کے حامی عناصر کو بھی سختی سے متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسلحہ، گولی بارود کی نمائش اور پولیس سمیت دیگر ریاستی اداروں کے خلاف اپ لوڈ کی گئی تمام ویڈیوز کو 48 گھنٹوں کے اندر ڈیلیٹ کریں۔
ترجمان کے مطابق مقررہ وقت کے بعد ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے گا اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
رپورٹر: غلام سرور ڈھر