ٹھٹہ ڈسٹرکٹ رپوٹر ایم اعجازچانڈیو مھرانوی
کیٹی بندر کے قریب سمندر میں آبی پرندوں کےشکار کے دوران افسوسناک حادثہ، کشتی ڈوب گئی 6 افراد کو بچالیا گیا 2 افراد ڈوب گئے ایک لاش نکالی گئی دوسرے کی تلاش جاری
ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے کیٹی بندر کے قریب سمندر میں پرندوں کے شکار کے لیے جانے والے کراچی کے آٹھ افراد اس وقت حادثے کا شکار ہو گئے جب ان کی کشتی میں اچانک پانی بھرنے لگا۔ حادثے کے باعث کشتی الٹ گئی اور تمام افراد سمندر میں ڈوب گئے۔
مقامی ماہی گیروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 افراد کو زندہ بچا لیا، تاہم 2 افراد لاپتہ ہو گئے۔ بعد ازاں مقامی غوطہ خوروں نے ایک شخص کی لاش نکال لی، جس کی شناخت اصغر پنجابی کے نام سے ہوئی ہے۔ دوسرے لاپتہ شخص واحد بخش کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول چھا گیا ہے، جبکہ میرین سیکیورٹی ایجنسی نے بھی لاپتہ شخص کی تلاش کے لیے ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ آخری اطلاعات تک واحد بخش کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ واقعہ نے متاثرہ خاندانوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔