غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں “قومی سلامتی کے لیے روابط بڑھانے کے موضوع پر بلوچ طلبہ کے ساتھ مکالماتی نشست” کے عنوان سے ایک پُروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا

ڈیرہ غازی خان ( بیوروچیف چوھدری احمد ڈیلی جستجو ): غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں “قومی سلامتی کے لیے روابط بڑھانے کے موضوع پر بلوچ طلبہ کے ساتھ مکالماتی نشست” کے عنوان سے ایک پُروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد قومی یکجہتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور باہمی اعتماد کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔سیمینار میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی جبکہ ریجنل پولیس آفیسر محمد اظہر اکرم نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی۔سیمینار کی صدارت وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے کی جبکہ پروفیسر ڈاکٹر راشدہ قاضی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ قومی سلامتی کا انحصار عسکری قوت، سماجی ہم آہنگی، سیاسی استحکام، معاشی مضبوطی اور ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد پر بھی ہوتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد، اعتماد اور باہمی تعاون کو مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ اندرونی و بیرونی خطرات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔کمشنر نے بلوچ طلبہ کی سیمینار میں بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اتحاد اور ملی یکجہتی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان چونکہ پاکستان کے مرکز میں واقع ہے اس لیے یہ علاقہ صوبائی ہم آہنگی کی ایک روشن مثال اور قومی یکجہتی کا سنگم ہے انہوں نے واضح کیا کہ بطور پاکستانی ہم سب ایک ہیں اور بغیر کسی تعصب کے پنجاب میں بلوچ کمیونٹی کو ہمیشہ عزت و احترام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کے لیے دل کے دروازے کھول رکھے ہیں ریجنل پولیس آفیسر محمد اظہر اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان پاکستان کا سب سے وسیع، خوبصورت اور مہمان نواز خطہ ہے جہاں کے لوگ محبت، خلوص اور بھائی چارے کی زندہ مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلوچستان کے عوام کو ہمیشہ عزت اور محبت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔وائس چانسلر غازی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد چٹھہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ غازی یونیورسٹی قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں زیرِ تعلیم بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو مفت تعلیم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ تعلیمی مواقع میں کسی قسم کا فرق باقی نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غازی یونیورسٹی میں منعقد ہونے والے کھجور میلے میں بلوچستان سے درجنوں کسانوں اور پنجگور سمیت دیگر علاقوں سے کاروباری حضرات نے شرکت کی، جس سے بین الصوبائی معاشی اور ثقافتی روابط کو فروغ ملا۔ اسی طرح بین الصوبائی ہم آہنگی کنونشن میں پاکستان کے تمام صوبوں سے ادیب، سکالرز، فنکار اور طلبہ شریک ہوئے جن میں بلوچستان کی بھرپور نمائندگی موجود تھی اور سب کا مشترکہ پیغام تھا کہ“لہو کا رنگ ایک ہے”۔بلوچ طلبہ و طالبات نے بھی سیمینار کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وہ غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں ایک محفوظ، پُرامن اور دوستانہ تعلیمی ماحول میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جہاں انہیں برابری، احترام اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر ہیں۔تقریب کے دوران بلوچ ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے خوبصورت بلوچی نغمے پیش کیے گئے جبکہ بلوچستان کی تاریخ، ثقافت اور قومی اہمیت کو اجاگر کرنے والی ایک معلوماتی دستاویزی فلم بھی شرکاء کو دکھائی گئی جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے بلوچ طلبہ کی جانب سے لگائے گئے ثقافتی اور بلوچی کتب کے سٹالز کا دورہ کیاجبکہ روایتی بلوچی جھومر پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی گئی۔یہ سیمینار قومی یکجہتی، بھائی چارے اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کی ایک خوبصورت اور مؤثر مثال ثابت ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *