ٹھٹہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ایم اعجازچانڈیو مھرانوی)سے
مکلی ورکشاپ، گاؤں رسول بخش بروہی میں بچھائی جانے والی پانی کی لائنیں عوام کے لیے سہولت کے بجائے ایک نیا مسئلہ بن گئی ہیں۔ ٹھیکیدار کی جانب سے محض آدھے فٹ گہرائی میں چار انچ کا پائپ ڈال کر بل کلیئر کرنا عوام کے ساتھ کھلا دھوکہ قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، مین لائن جو کہ تین انچ کی ہے، اس میں بھی چار انچ کا پائپ لگا کر مکلی کے عوام کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مین لائن کو تبدیل کرکے کم از کم چھ انچ کی لائن نہ ڈالی گئی تو یہ نئی لائن کسی بھی کام کی نہیں رہے گی۔
مقامی عوام نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ سب ٹاؤن کمیٹی مکلی کے چیئرمین کے منظورِ نظر ٹھیکیدار کی کارستانی ہے، جس کے باعث مکلی کے شہریوں میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ آدھے فٹ گہرائی میں بچھائے گئے ناقص اور دو نمبر پائپوں کی فوری جانچ پڑتال کی جائے، مین لائن کے سائز پر ازسرِنو غور کیا جائے، اور اس مبینہ بدعنوان ٹھیکیدار کو ہٹا کر کسی ایماندار ٹھیکیدار کو مقرر کیا جائے تاکہ وہ دیانتداری سے کام کرکے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کر سکے۔
مکلی کے عوام نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


