بیشتر منصوبے نہ شروع ہو سکے نہ مکمل، وعدے دہرا کر سیاسی موسم گزارا جاتا رہا
کوٹلی ستیاں (راشد محمود ستی ) گزشتہ برسوں میں پاکستان مسلم لیگ نون، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی مختلف حکومتوں نے کوٹلی ستیاں کے لیے ترقیاتی منصوبوں کے بڑے بڑے اعلانات کیے، تاہم بیشتر اعلانات عملی شکل اختیار نہ کر سکے۔ علاقے کی سڑکوں کی اپ گریڈیشن، ٹی ایچ کیو ہسپتال کی توسیع، پانی سپلائی اسکیمیں، سیاحتی ڈویلپمنٹ اور تعلیمی اداروں کی بہتری جیسے منصوبے آج بھی فائلوں اور بیانات تک محدود ہیں۔
سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے متعدد منصوبوں کا اعلان تو ہوا مگر فنڈز اور سرکاری توجہ نہ ملنے کے باعث کام شروع نہیں ہو سکا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال کو جدید سہولیات دینے کا وعدہ بھی ہر دور میں کیا گیا لیکن عملاً کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ صاف پانی کی فراہمی کی اسکیمیں بھی صرف کاغذوں میں رہ گئیں۔پیپلز پارٹی، نون لیگ اور تحریک انصاف نے مختلف ادوار میں سیاحت کے فروغ کے لیے ویو پوائنٹس، پارکنگ ایریاز اور ٹریکس بنانے کا دعویٰ کیا، مگر زمین کے تعین اور فنڈز کے اجرا تک معاملہ نہ پہنچ سکا۔ کئی اسکولوں کی اپ گریڈیشن اور نئے فیڈرز کی تنصیب کے اعلانات بھی پُرانے کاغذوں میں دفن ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتیں ہر الیکشن میں انہی منصوبوں کے اعلانات دوہرا کر عوام کو مطمئن کرنے کی کوشش کرتی ہیں، مگر کوٹلی ستیاں آج بھی بنیادی سہولیات اور بڑے ترقیاتی منصوبوں سے محروم ہے۔