آستانہ عالیہ کلر سیداں پر صحافیوں کی پر وقار تقریب، ملکی و علاقائی صحافتی رہنماؤں کی شرکت

رواج کی حلف برداری تقریب، تحفظِ ختمِ نبوت کے عزم کا اعادہ

راولپنڈی(راشدمحمودستی)راولپنڈی اسلام آباد ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن آف (رواج) کی حلف برداری کی پر وقار تقریب آستانہ عالیہ کلر سیداں لونی جندراں میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت بانی و سپہ سالار عالمی تحریک تحفظ ختم نبوت صاحبزادہ حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار نے کی۔
تقریب میں سابق صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد و بانی آزاد گروپ کرائم اینڈ کورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شکیل کرار، سینئر نائب صدر پاکستان انٹرنیشنل مشائخ کونسل پیر سردار رضا محی الدین قادری اور ایڈیشنل سیکرٹری جنرل آل پاکستان نیوز پیپرز ایمپلائز کنفیڈریشن (اپینک) شیخ محمد وحید نے خصوصی شرکت کی۔راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی بڑی تعداد، رواج کی گورننگ و ایگزیکٹو باڈی کے عہدیداران اور ارکان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک علامہ جہانزیب ہزاروی اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ ثناء خوان توقیر حسین مہروی نے کی۔مقررین نے اپنے خطابات میں تحفظ ختم نبوت کے عالمی مشن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت پر ایمان کے بغیر مسلمان ہونا ممکن نہیں۔رواج کے صدر عدنان حیدر بری نے کہا کہ تنظیم گزشتہ آٹھ برس سے صحافیوں کی خدمت کر رہی ہے اور ایک روحانی مرکز میں حلف برداری ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔
صاحبزادہ حق خطیب حسین علی بادشاہ سرکار نے خطاب میں کہا کہ ختم نبوت کا پیغام کسی لالچ یا سیاست کے لیے نہیں بلکہ رضائے الٰہی اور آخرت کی کامیابی کے لیے عام کیا جا رہا ہے، صحافی معاشرے کا آئینہ ہیں اور انہیں اس پیغام کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ سابق صدر نیشنل پریس کلب شکیل کرار نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا اور صحافیوں کے اتحاد کو کامیابی کی ضمانت قرار دیا۔ تقریب کے اختتام پر آستانہ عالیہ کی جانب سے شرکاء کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، جبکہ صحافتی و مذہبی شخصیات نے میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *