(اوصاف نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور سینیٹر پلوشہ خان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کیخلاف انتہائی سخت مؤقف اختیار کیا۔
تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے مواصلات کے اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات اور سینیٹر پلوشہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ اُس وقت ہوا جب سینیٹر نے وزارت کی کارکردگی اور ایک سڑک سے متعلق سوال پوچھا۔
اجلاس میں وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا جہاں کے بے ایمان یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے پلوشہ خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں تمھارے کرتوت سب کے سامنے رکھوں گا، تمھاری مجھ سے ایسے بات کرنے کی جرأت کیسے ہوئی؟
سینیٹر پلوشہ خان نے کہا کہ سوال کرنے پر وزیر آگ بگولہ ہوگئے کیونکہ وہ شرمندہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر کے رویہ پر کمیٹی رولنگ دے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہک وفاقی وزیر اگر میری ذات پر بات کرنا چاہتے ہیں تو کریں مگر اس رویے پر رولنگ دی جائے۔