واشنگٹن (ڈیلی جستجو) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک نے غزہ میں اپنے فوجی دستے بھیجنے کے حوالے سے کچھ سوالات کیے ہیں اور اس پر غور کرنے کی پیش کش کی ہے۔
انہوں نے اس بات پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا کہ وہ غزہ میں امن کے قیام کے لیے اپنے فوجی دستے بھیجنے پر آمادگی ظاہر کر رہا ہے۔امریکی وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں مارکو روبیو نے کہا کہ پاکستان نے امریکا کو ابھی تک اپنی حتمی رضامندی نہیں دی، لیکن یہ ضرور کہا ہے کہ وہ غزہ امن منصوبے کا حصہ بننے یا اس پر غور کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سمیت دوسرے ممالک ابھی کچھ وضاحت چاہتے ہیں اور ان سوالات کے جوابات ملنے کے بعد ہی ہم کسی ملک سے یہ کہہ سکیں گے کہ وہ غزہ امن منصوبے کے لیے اپنے فوجی دستے بھیجے۔ روبیو کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ کئی ممالک اس تنازعے کے حل کے لیے آگے آئیں گے اور غزہ استحکام فورس کا حصہ بننا چاہتے ہیں، جو ہر فریق کے لیے قابل قبول ہو۔