حضرت محمد ﷺ کی ختمِ نبوت اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیات پر ایمان دینِ اسلام کی بنیاد ہے؛مولانا عزیز الرحمن ثانی

رمضان المبارک امتِ مسلمہ کی اصلاح اور اتحاد کا سنہری موقع ہے؛
مرکزی رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

لاہور (محمد منصور ممتاز سے)

مرکزی رہنما عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت مولانا عزیز الرحمن ثانی نے کہا ہے کہ اسلام کی بنیاد دو عظیم حقائق پر قائم ہے: حضرت محمد ﷺ کی ختمِ نبوت پر کامل ایمان اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیات پر یقین۔ ان عقائد کا تحفظ ہر مسلمان کی ایمانی ذمہ داری ہے اور رمضان المبارک اس شعور کو بیدار کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک دراصل تزکیۂ نفس، تقویٰ اور روحانی تربیت کا مہینہ ہے۔ روزہ انسان کو صبر، برداشت، خود احتسابی اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کا عملی درس دیتا ہے۔ اگر مسلمان اس مہینے میں اپنے کردار، گفتار اور معاملات کو درست کر لیں تو معاشرے میں جھوٹ، ناانصافی اور بدعنوانی جیسی برائیاں خود بخود کم ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ رمضان المبارک میں مساجد آباد ہوتی ہیں، قرآن پاک کی تلاوت بڑھ جاتی ہے اور دینی اجتماعات منعقد ہوتے ہیں، لہٰذا یہ بہترین موقع ہے کہ علماء کرام عقیدۂ ختمِ نبوت کی اہمیت کو مدلل انداز میں بیان کریں تاکہ نئی نسل میں اس کا شعور مضبوط ہو اور ایمان کی بنیادیں مستحکم رہیں۔
مولانا عزیز الرحمن ثانی نے کہا کہ نوجوان نسل کو دین سے جوڑنے کے لیے محبت، حکمت اور جدید ذرائع ابلاغ کا استعمال ضروری ہے۔ نوجوانوں کے لیے مساجد اور دینی مراکز میں خصوصی تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ وہ دین کو سمجھ سکیں اور اپنے عقائد کے تحفظ کے قابل بن سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مساجد کو عبادت کے ساتھ ساتھ معاشرتی رہنمائی کے مراکز بنایا جانا چاہیے جہاں غرباء کی مدد، اخلاقی تربیت، خاندانی نظام کی مضبوطی اور سماجی برائیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان ہمیں اتحادِ امت کا عملی درس دیتا ہے۔ ایک ہی قبلہ، ایک ہی قرآن اور ایک ہی نبی ﷺ پر ایمان رکھنے والے مسلمانوں کو باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر بھائی چارے، محبت اور باہمی احترام کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں غلط معلومات تیزی سے پھیلتی ہیں، اس لیے علماء اور دینی اداروں کو چاہیے کہ وہ مستند اور مثبت مواد کے ذریعے نوجوانوں تک صحیح دینی معلومات پہنچائیں اور تحقیق کے بغیر کسی بات کو آگے پھیلانے سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ایثار، ہمدردی اور خدمتِ خلق کا مہینہ ہے۔ صاحبِ استطاعت افراد کو چاہیے کہ وہ زکوٰۃ اور صدقات منظم طریقے سے مستحقین تک پہنچائیں تاکہ کوئی بھی ضرورت مند محروم نہ رہے اور سفید پوش طبقہ بھی نظر انداز نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ روزہ صرف بھوک اور پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ زبان، آنکھ اور دل کو گناہوں سے بچانے کی تربیت دیتا ہے۔ اگر روزہ دار اپنے اخلاق درست کر لے تو پورا معاشرہ بہتری کی طرف گامزن ہو سکتا ہے۔
آخر میں انہوں نے عوام الناس کو پیغام دیا کہ رمضان المبارک کو صرف عبادات تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی، سچائی، دیانت، صبر اور محبت کو فروغ دیا جائے تاکہ معاشرہ امن، اخوت اور دینی شعور کا گہوارہ بن سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *