جھنگ ( قمر زمان نقوی) جھنگ میں اراضی معاون کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (PLRA) رانا محمد شعیب اور ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ADCR ڈاکٹر امتیاز محسن ، ADCG عامر محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر PLRA رانا سیف اللہ، ڈسٹرکٹ انچارج لینڈ ریکارڈ جھنگ اشعر حمید سیال، اسسٹنٹ سروس انچارج سید وقاص حیدر سمیت اراضی معاون فرنچائزرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر مانیٹرنگ PLRA رانا محمد شعیب نے اراضی معاون پروگرام کے حوالے سے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی اور اس کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر فردِ ملکیت کی فراہمی اور انتقال کے اندراج جیسی سہولیات فراہم کرنا پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ اس سہولت سے شہریوں کو دفاتر کے چکر اور قطاروں میں لمبی انتظار گاہوں سے نجات ملے گی جبکہ سفری اخراجات کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔رانا محمد شعیب نے مزید کہا کہ اراضی ریکارڈ کی جدید سہولیات، اراضی معاون کی شاندار خدمات کے سلوگن کے تحت عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں۔ عوام کو زمین کے ریکارڈ سے متعلق آسانیاں پہنچانے کے لیے اراضی معاون سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اراضی معاون پروگرام کا حصہ بن کر اپنے علاقوں میں زمین کے ریکارڈ کی جدید، بااعتماد اور تیز رفتار سہولیات کے فروغ میں کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی اور حکومتِ پنجاب کا مقصد کاروباری ماحول اور اراضی سے متعلق سروسز کو مزید بہتر اور وسیع کرنا ہے۔
جھنگ اراضی معاون کی افتتاحی تقریب کا انعقاد، شہریوں کو زمین کے ریکارڈ کی سہولیات دہلیز پر فراہم کرنے کا عزم